بھارتی جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سینئر راہ نما سبرامنیئن سوامی نے ایک انٹرویو کے دروان حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گئے، انہوں نے مودی کی پالیسیوں پر کھلی تنقید کی۔
انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جنگی حکمت عملی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مودی کے دور میں اس معاملے پر تحقیقات ممکن نہیں ہیں۔ سوامی نے مودی اور ان کے قریبی ساتھی امیت شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔
انٹرویو میں کیا کہا گیا؟
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران میزبان نے سبرامنیئن سوامی سے اپوزیشن لیڈر کے سوال کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ پاک-بھارت تصادم میں بھارت کے کتنے طیارے گرائے گئے۔ اس کے جواب میں سوامی نے کہا، "پاکستان نے ہمارے 5 طیارے مار گرائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ چین کے بنائے ہوئے پاکستانی طیاروں نے بہترین کارکردگی دکھائی، جبکہ فرانس سے حاصل کردہ بھارتی رافیل طیاروں کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی۔ سوامی نے امید ظاہر کی کہ مودی قوم کو اس ناکامی کی سچائی سے آگاہ کریں گے، لیکن انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مودی کے موجودہ دورِ حکومت میں اس معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔
مودی کی جنگی حکمت عملی پر تنقید
دفاعی ماہرین کے مطابق، سوامی کا یہ بیان مودی حکومت کی جنگی حکمت عملی کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ پاک فضائیہ نے فضائی برتری قائم کر کے بھارت کی فوجی طاقت کو شدید دھچکا پہنچایا۔ سوامی نے دعویٰ کیا کہ مودی کی ناکام پالیسیوں نے نہ صرف بھارت کو محاذ جنگ پر کمزور کیا بلکہ پاکستان کی فوجی طاقت کو نمایاں طور پر بڑھانے کا موقع بھی فراہم کیا۔ انہوں نے مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت ملک کو دفاعی اور سیاسی طور پر کمزور کر رہی ہے۔
اسے بھی پڑھیں: بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والے دریائے چناب کے بہاؤ میں نمایاں کمی
پاک-بھارت کشیدگی کا پس منظر
حالیہ پاک-بھارت کشیدگی 22 اپریل 2025 کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے سے شروع ہوئی، جس میں 26 شہری ہلاک ہوئے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔ پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی، لیکن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔ اس کے نتیجے میں بھارت نے 7 مئی 2025 کو "آپریشن سندھور” شروع کیا۔
پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے اس حملے کا موثر جواب دیا۔ پاکستانی دعووں کے مطابق، انہوں نے بھارت کے پانچ طیاروں کو مار گرایا، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بھارت نے ابتدائی طور پر ان نقصانات کی تردید کی، لیکن سبرامنیئن سوامی کے تازہ بیان نے ان دعوؤں کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے J-10C طیاروں اور چین کے بنائے ہوئے PL-15 میزائلوں نے اس تصادم میں اہم کردار ادا کیا، جو بھارتی فضائیہ کے لیے غیر متوقع تھا۔
جنگ بندی
10 مئی 2025 کو دونوں ممالک نے امریکی صدر ٹرمپ کی مداخلت پر جنگ بندی کا اعلان کیا، لیکن اس کے باوجود سرحدی جھڑپیں جاری رہیں۔
سیاسی اور فوجی اثرات
سبرامنیئن سوامی کا یہ بیان بھارت کے اندر سیاسی ہلچل کا باعث بن سکتا ہے۔ بی جے پی کے ایک سینئر رہنما کی جانب سے مودی کی پالیسیوں پر کھلے عام تنقید اور طیاروں کے گرنے کا اعتراف پارٹی کے قوم پرست بیانیے کے لیے دھچکا ہے۔ بھارت کی فوجی ناکامی نے نہ صرف مودی کی جنگی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے ہیں بلکہ پاک-چین فوجی تعاون کی مضبوطی کو بھی اجاگر کیا ہے۔
عوامی ردعمل
سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے سوامی کے بیان کو پاکستان کی فوجی برتری کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ "مودی اب اپنی شکست چھپانے کے لیے فرانس پر الزام لگا رہے ہیں، لیکن سچ سامنے آ گیا کہ پاک فضائیہ نے ان کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا۔” دوسرے صارف نے کہا کہ "یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر سکتا ہے۔”





















