لاہور :سنٹر آف ریسرچ اینڈ انوویشن اِن میری ٹائم افیئرز (CRIMA) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام سمندروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ’’پانی ہمارا مستقبل ہے‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن پنجاب، عفت النساء نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکی ہیں، پاکستان کو پانی کے وسائل کے بہتر انتظام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ حکومتی ادارے، جامعات اور سوسائٹی مل کر ہی اس بحران کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور میں’’ہیٹ ویو سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر‘‘کے موضوع پر سیمینار
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسیع سمندری وسائل سے نوازا ہے، ہمیں زمینی وسائل کے بجائے سمندری مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا تاکہ معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے پانی کے بے دریغ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے پانی کے ضیاع کو روکنا ضروری ہے۔
تقریب میں ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز پنجاب یونیورسٹی کے ڈاکٹر شارح قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹر( CRIMA )ڈاکٹر عظمیٰ ناز، اقراء منظور، رابعہ شفیق اور سکینہ حسن نے پانی کے بحران، ماحولیاتی تبدیلیوں اور پائیدار ترقی میں پانی کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں چوتھے میری ٹائم سمر اسکول کے نمایاں طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ سیمینار میں مختلف تعلیمی شعبہ جات کے اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔





















