3دنوں میں 6 کروڑ سے زائد مالیت کے 13 ہزار ای چالان

سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری ہوئے جن کی تعداد 7 ہزار 83 ہے

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ جدید خودکار ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف تین دنوں میں شہریوں کو 6 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 12 ہزار 942 ای چالان جاری کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری ہوئے جن کی تعداد 7 ہزار 83 ہے۔ اسی طرح بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار 456 افراد، اوور اسپیڈنگ پر 1 ہزار 920، ریڈ سگنل توڑنے پر 829، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر 410، اور غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 78 شہریوں کو ای چالان موصول ہوئے۔

مزید بتایا گیا کہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 49، کالے شیشے لگانے پر 35، اوورلوڈنگ پر 26، جبکہ غیر قانونی پارکنگ، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی اور غلط پارکنگ پر 20، 20 چالان جاری کیے گئے۔

اسی طرح ون وے اور رانگ وے پر گاڑی چلانے والے 11 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، جب کہ اوورلوڈنگ اور بس کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے کے الزام میں 7 چالان جاری ہوئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران فینسی نمبر پلیٹس، ٹیکس کی عدم ادائیگی، یا اچانک لائن بدلنے جیسے معاملات پر کوئی ای چالان جاری نہیں کیا گیا۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیا فیس لیس ای چالان سسٹم شہریوں کے خلاف کارروائی میں شفافیت اور خودکار نگرانی کو یقینی بناتا ہے۔ اب کیمرے خود بخود خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرتے ہیں، اور چالان براہِ راست گاڑی کے اندراجی پتے پر بھیجا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں اس طرح کے خودکار نظام ٹریفک کی بہتری میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، مگر ساتھ ہی شہریوں کو بھی قانون پر عمل کرنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو ٹریفک کے نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین