ورلڈکپ کی تیاری، کئی پاکستانی کرکٹرز بگ بیش لیگ چھوڑنے پر آمادہ

سلیکٹرز نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں، سینئرز کو آسٹریلیا سے نہ بلانے پر غور

ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کئی پاکستانی کرکٹرز بگ بیش لیگ (BBL) چھوڑ کر سری لنکا کے دورے میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے متعدد کھلاڑی اس وقت بگ بیش لیگ میں مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کر رہے ہیں، تاہم ان میں سے بعض کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے تھنک ٹینک سے رابطہ کر کے سری لنکا کے خلاف مجوزہ سیریز میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کی پچز اور موسمی حالات میں نمایاں فرق ہے، اور آسٹریلیا سے براہِ راست ورلڈکپ کھیلنے جانا کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں کھیلنا بہتر تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔

یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے کہا تھا کہ انہیں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے، سری لنکا کے دورے کے باوجود، بگ بیش لیگ کا پورا ایونٹ کھیلنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ جب بگ بیش کے معاہدے طے پائے تھے، اُس وقت سری لنکا سیریز شیڈول نہیں تھی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو یہ خدشہ بھی لاحق ہے کہ اگر ورلڈکپ میں کارکردگی متاثر ہوئی تو ناکافی تیاری اور مالی مفاد کے لیے لیگ کو ترجیح دینے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب قومی سلیکٹرز چند نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں، جس کے باعث سینئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا سے واپس نہ بلانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی ازخود بگ بیش لیگ چھوڑ کر واپس آتا ہے تو اسے معاہدے کی خلاف ورزی پر بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اگر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیشنل ڈیوٹی کے لیے طلبی کی جاتی ہے تو صورتحال مختلف ہو گی، کیونکہ ہر کنٹریکٹ میں اس کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں سے مشاورت جاری ہے اور آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں اس وقت بابر اعظم (سڈنی سکسرز)، شاہین شاہ آفریدی (برسبین ہیٹ)، حسن علی (ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز)، محمد رضوان (میلبرن رینیگیڈز)، حارث رؤف (میلبرن اسٹارز) اور شاداب خان (سڈنی تھنڈرز) حصہ لے رہے ہیں۔

بگ بیش لیگ کا یہ سیزن 25 جنوری تک جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین