طبی میدان میں بڑی پیش رفت، ایک سیکنڈ میں گہرے زخم سے بہتا خون روکنے والا جدید اسپرے تیار

یہ اسپرے نہ صرف عام بلکہ گہرے اور غیر ہموار زخموں پر بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے

جنوبی کوریا کے ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں نے طبی دنیا میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایسا جدید طبی پاؤڈر تیار کر لیا ہے جو زخم پر چھڑکتے ہی صرف ایک سیکنڈ کے اندر خون بہنا روک دیتا ہے۔

اس جدید ایجاد کو AGCL پاؤڈر کا نام دیا گیا ہے، جو ایک نئی نسل کا ہیمرسٹک ایجنٹ ہے، یعنی ایسا مادہ جو خون کے بہاؤ کو فوری طور پر کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جب اس پاؤڈر کو براہِ راست زخم پر چھڑکا جاتا ہے تو یہ خون کے ساتھ تعامل کرتے ہی فوراً ایک مضبوط ہائیڈروجل تہہ میں تبدیل ہو جاتا ہے، جو زخم پر حفاظتی ڈھال بنا کر خون کے اخراج کو روک دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق پاؤڈر میں شامل مخصوص اجزا خون میں موجود کیلشیم آئنز کے ساتھ تیز رفتار کیمیائی ردِعمل کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں چند لمحوں میں یہ پاؤڈر ایک مضبوط جیل میں ڈھل جاتا ہے۔

یہ ہائیڈروجل زخم پر ایک طاقتور فزیکل بیریئر تشکیل دیتا ہے، جو زخم کو فوری طور پر سیل کر کے مزید خون بہنے سے بچاتا ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ اسپرے نہ صرف عام بلکہ گہرے اور غیر ہموار زخموں پر بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے، جہاں روایتی پٹیاں یا طریقے ناکام ہو جاتے ہیں۔

مزید یہ کہ AGCL پاؤڈر قدرتی اور بایو کمیپیٹیبل مواد سے تیار کیا گیا ہے، جو انسانی جسم کے لیے محفوظ ہے اور اس میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی موجود ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ پاؤڈر سخت موسمی حالات، زیادہ درجہ حرارت یا نمی کے باوجود دو سال تک مؤثر رہتا ہے، جس کی وجہ سے اسے جنگی میدان، قدرتی آفات، حادثات اور ایمرجنسی میڈیکل صورتحال میں انتہائی مفید قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ایجاد مستقبل میں ایمرجنسی میڈیسن، ٹراما کیئر اور فیلڈ میڈیکل سروسز میں انقلابی تبدیلی لا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین