پاکستانی اداکارہ اور سابق کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثنا جاوید ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ اس بار وجہ ان کا ایک مختصر مگر طنزیہ جواب بنا، جس نے صارفین میں شدید ردِعمل کو جنم دے دیا۔
ڈرامہ پیارے افضل سے شہرت حاصل کرنے والی ثنا جاوید کا شمار پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 91 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ خانی، ذرا یاد کر، رومیو ویڈز ہیر، اے مشتِ خاک، کالا ڈوریا، مانا کا گھرانا اور سکون جیسے کامیاب ڈرامے ان کے کریئر کا حصہ رہے ہیں۔
اداکارہ کی ذاتی زندگی بھی ہمیشہ خبروں میں رہی ہے۔ ان کی پہلی شادی گلوکار عمیر جیسوال سے ہوئی جو بعد ازاں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کی، جن کی پہلی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا تھیں، جن سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
حالیہ دنوں ثنا جاوید نے دبئی سے اپنی چند دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں شائقین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔ تاہم ایک صارف عمیر قاضی نے تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے یہ فوٹوگرافر چاہیے‘‘، جس پر ثنا جاوید نے جواب دیا
’’میں اپنا میاں کسی کو نہیں دے سکتی‘‘
یہ جملہ سوشل میڈیا صارفین کو ناگوار گزرا اور دیکھتے ہی دیکھتے تبصروں کا طوفان آ گیا۔ متعدد صارفین نے اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ اور تلخ ردِعمل دیا۔
ایک صارف نے لکھا:
’’میں اپنا شوہر نہیں دے سکتی، لیکن کسی اور کا لے سکتی ہوں‘‘
ایک اور تبصرہ کچھ یوں تھا:
’’کیونکہ تم نے خود کسی اور کا شوہر لیا ہے‘‘
جبکہ ایک اور صارف نے کہا:
’’یہ تمہارا شوہر نہیں، کسی اور سے لیا گیا ہے‘‘
کچھ صارفین نے معاملے کو مزید بڑھاتے ہوئے لکھا:
’’کسی کو تمہارے شوہر کی ضرورت نہیں، اپنے پاس ہی رکھو‘‘
یہ پہلا موقع نہیں کہ ثنا جاوید سوشل میڈیا تنقید کی زد میں آئی ہوں، تاہم اس بار ان کا ایک مختصر جواب ایک بڑے تنازع کی شکل اختیار کر گیا، جس پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔





















