روس میں نایاب آسمانی منظر، سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک ساتھ ’چار چاند‘ دکھائی دیے

یہ منظر کسی خلائی یا غیر معمولی فلکیاتی واقعے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک قدرتی موسمی مظہر ہے،ماہرین

سینٹ پیٹرزبرگ:روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں اتوار کی شب آسمان پر ایک حیران کن اور نایاب منظر دیکھنے میں آیا، جب مقامی افراد نے رات کے آسمان پر بیک وقت چار چاند جیسے مناظر جگمگاتے دیکھے۔ اس غیر معمولی منظر نے شہریوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا، جبکہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے چاند کئی حصوں میں تقسیم ہو گیا ہو۔ اصل چاند کے اطراف روشن اور چمکتی ہوئی شکلیں نمودار ہوئیں، جس کے باعث آسمان پر ایک نہیں بلکہ کئی چاند دکھائی دینے لگے۔ آسمان کے نظاروں کے شوقین افراد اس دلکش منظر کو دیکھ کر رک گئے اور دیر تک آسمان کی جانب متوجہ رہے۔

ماہرین کے مطابق یہ منظر کسی خلائی یا غیر معمولی فلکیاتی واقعے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک قدرتی موسمی مظہر ہے، جسے سائنسی اصطلاح میں پیرسیلینی کہا جاتا ہے۔ عام زبان میں اسے مون ڈاگ یا نقلی چاند بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل ایک بصری فریب یا آپٹیکل الیوژن ہوتا ہے۔

یہ مظہر اس وقت بنتا ہے جب چاند کی روشنی فضا میں موجود انتہائی باریک اور بلند سطح پر پھیلے بادلوں سے گزرتی ہے، جو ننھے ننھے برفانی ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ یہ بادل، جنہیں سیروس یا سیروسٹریٹس کہا جاتا ہے، چھ کونوں والے چپٹے برفانی ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں۔

جب چاندنی ان برفانی ذرات سے ٹکراتی اور مڑتی ہے تو اصل چاند کے دونوں اطراف روشن دھبے بن جاتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو یوں محسوس کراتے ہیں جیسے آسمان پر ایک کے بجائے کئی چاند جگمگا رہے ہوں۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق یہ منظر اگرچہ نایاب ہوتا ہے، تاہم مخصوص موسمی حالات میں دنیا کے مختلف حصوں میں کبھی کبھار دیکھا جا سکتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ سینٹ پیٹرزبرگ میں نظر آنے والا یہ منظر عوام اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے خاص توجہ کا مرکز بن گیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین