46ارب سے عوام کو ریلیف کا ویژن نوازشریف کا، کریڈٹ بھی ان کو ہی ملنا چاہیے: مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 14واں اجلاس میں پنجاب او راسلام آبادکے صارفین کیلئے بجلی کے بلو ں میں ریلیف کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی کابینہ ارکان نے عوام کو ریلیف دینے پر وزیراعلی مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی کابینہ اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کے ویژن اور ریلیف میں معاونت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا ویژن محمد نوازشریف کا ہے، کریڈٹ ان کو ہی ملنا چاہیے ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے ریلیف کی مد میں بہت مدد کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد سولر پینل پروگرام شروع ہوجائے گا، اگلی گرمیوں میں بجلی کے بل میں ریلیف دینے کیلئے کام ابھی سے شروع کردیاہے ۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ الحمد للہ عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا وعدہ پورا کردیا ۔
اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کی توفیق دی۔ بجلی کے بلوں میں بہت بڑا ریلیف ہے، ایسا ریلیف پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف کا ویژن ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر بل پر لکھا ہے کہ آپ کا اصل بل یہ تھا اورحکومت پنجاب کی جانب سے ریلیف کے بعد اتنا کم ہوگیاہے۔
46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف کی تشہیر دوسروں نے کی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔ عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف پرمخالفین کو ہونے والی پریشانی سے حیرانی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوں میں ریلیف دینے پر پریس کانفرنس کی گئیں، مقابلہ بازی کی گئی لیکن شکریہ ہمارا پراجیکٹ عوام تک پہنچایا۔ بجلی میں ریلیف لوگوں پر احسان نہیں،ان کاحق ہے۔ کام کرنے او رباتیں کرنے والوں میں بہت واضح فرق ہوتاہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کا ساتھ نبھائیں گے۔ پنجاب کے ہر شہری کے مسائل کا حل حکومت ذمہ داری ہے۔ بجلی کے بلوں میں ریلیف فوری اقدام ہے، پائیدا ر ریلیف کے لئے سولر پینل پراجیکٹ لارہے ہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب او راسلام آباد کے صارفین کو اگست اور ستمبر کے بلوں میں 14روپے فی یونٹ بجلی میں ریلیف دیاجائے گا۔
200سے 500یونٹ تک بجلی خرچ کرنے وا لے گھریلو صارفین ریلیف حاصل کرسکیں گے ۔ حکومت پنجاب کے ریلیف کے ساتھ 20 لاکھ بجلی کے بل ادائیگی کے لئے صارفین تک پہنچ چکے ہیں ۔ ہر بل پر حکومت پنجاب کی سبسڈی اور واجب الادا رقم کے بارے میں درج ہے۔ اسلام آباد کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جا رہاہے۔