اللہ تعالیٰ کا دیدار اہلِ ایمان کی سب سے بڑی خواہش ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری

’’ذریت‘‘ سے مراد صرف خونی رشتہ نہیں بلکہ وہ تمام افراد بھی شامل ہیں جو بزرگانِ دین سے محبت اور نسبت رکھتے ہیں

لاہور(خصوصی رپورٹ:رمیض حسین)اولیاء اللہ کی صحبت اور ان سے قلبی نسبت انسان کو جنت کا حقدار بنا دیتی ہے۔ یہ بات صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے حضرت پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ محفلِ ختم شریف سے خطاب کرتے ہوئے بیان کی۔

اس روحانی تقریب میں دربار عالیہ غوثیہ مہریہ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید معین الحق شاہ صاحب گیلانی دامت برکاتہم العالیہ، پیر سید قطب الحق شاہ گیلانی، دیگر صاحبزادگان، حضرت سید پیر غلام معین الدین گیلانی چشتی، حضرت پیر سید شاہ عبدالحق گیلانی چشتی، پیر سید علی جنید الحق گیلانی، پیر سید شمس الدین شمس گیلانی اور پیر سید مہر فواد الدین گیلانی سمیت معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گولڑہ شریف میں منعقدہ اس بابرکت محفل سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ جنت ایک ایسی نعمتوں بھری جگہ ہے جہاں اہلِ ایمان کی ہر جائز اور پاکیزہ خواہش پوری کی جائے گی۔

قرآنِ مجید کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا دیدار اہلِ ایمان کی سب سے بڑی آرزو ہے۔

اسے بھی پڑھیں:اخلاق حسنہ کے ذریعے معاشرے میں اپنی مثال قائم کریں:پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری کا طلبہ سے خطاب

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ قرآنِ کریم میں اہلِ ایمان کی ایک اہم خواہش کا ذکر ملتا ہے، جس کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد اور خاندان بھی جنت میں ان کے ساتھ خوش و خرم ہوں، اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے انہیں ان کے نیک آباء کے ساتھ جمع فرما دے گا، بغیر کسی اجر میں کمی کے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’ذریت‘‘ کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مراد صرف خونی رشتہ نہیں بلکہ وہ تمام افراد بھی شامل ہیں جو بزرگانِ دین سے محبت اور نسبت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق گزارتے ہیں اور نیک لوگوں کی پیروی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے انہیں انہی صالحین کے ساتھ شامل فرما دیتا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کی کامیابی کا انحصار اس کے اعمال پر ہوتا ہے، اور نیک اعمال ہی اسے جنت کا مستحق بناتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت پیر سید مہر فرید الحق گیلانیؒ کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو
صبرِ جمیل نصیب کرے۔

تقریب میں دربار عالیہ غوثیہ مہریہ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین اور مجدد تعلیمات مہریہ حضرت پیر سید غلام معین الحق شاہ گیلانی دامت برکاتہم العالیہ، پیر سید غلام قطب الحق شاہ گیلانی، سید حسام الدین حسام گیلانی، سید نظام الدین نظام جامی گیلانی، سید مہر محی الدین رومی گیلانی، دیگر صاحبزادگان، پیر سید نجم الدین نجم گیلانی، پیر سید علی جنید الحق گیلانی، پیر سید شمس الدین شمس گیلانی، سید حماد الدین سعدی جیلانی، سید مہر فواد الدین گیلانی، سید غلام مہر علی گیلانی، سید غلام معین گیلانی، سید محمد عبداللہ شاہ گیلانی، سید نصیر الدین قمیص گیلانی اور سید حسن جمال الدین گیلانی سمیت کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد رفیق نجم، ڈاکٹر فیصل اقبال خان، راجہ زاہد محمود قادری، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، عبدالرحمن ملک، احسن ارشاد، راؤ محمد جاوید، ابرار رضا ایڈووکیٹ، انار خان گوندل، اجمل قادری اور دیگر معزز افراد بھی موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین