اسلام آباد: وفاقی حکومت نے میں 8 ستمبر کو سنگجانی جلسے میں ریاست مخالف تقاریر کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف رہنماؤں کے خلاف سخت ایکشن پر غور شروع کرتے ہوئے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 8ستمبر کو جلسے میں کی گئی تقاریر پر حکومت ایکشن میں آگئی اور اس سلسلے میں سخت کاروائی پر غور شروع کردیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے سنگجانی جلسے میں کی گئی تقاریر پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضابطہ فوجداری کی سیکشن 196 کے تحت حکومت درخواست جمع کروائے گی جہاں سیکشن 196 کے تحت درج مقدمات ناقابل ضمانت ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس سیکشن کے تحت گرفتاری کے لیے پولیس کو وارنٹ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت قانون اور وفاقی پراسیکیوٹر جنرل سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور معاملے کی وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری کے لیے درخواست کی جائے گی۔