جمعرات, نومبر 21, 2024

چیمپئنز ٹرافی نیا آپشن کیا ہے

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی ٹیم کی شرکت سے انکار اور پاکستان کے سخت مؤقف اپنانے کے بعد پیدا ہونے والی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک نیا ممکنہ حل سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق "دینے اور لینے” کے اصول کے تحت ٹورنامنٹ کو بچانے کے لیے مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ دونوں کو اپنے مؤقف میں نرمی لانا ہوگی۔

اس مجوزہ فارمولے کے تحت بھارتی ٹیم 3 میں سے ایک میچ کھیلنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرے، جہاں میچ کھیلنے کے بعد وہ واپس اپنے ملک یا متحدہ عرب امارات جا سکتی ہے۔

اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچتی ہے تو یہ مقابلہ یو اے ای میں منعقد کیا جائے، تاہم اگر وہ فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو فائنل میچ لاہور میں کھیلنا ہوگا۔

پی سی بی کو بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ نقصان کے ازالے کے لیے چیمپئنز ٹرافی کی آمدنی میں اضافی حصہ دیا جائے گا۔ اس تجویز پر عمل کرنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان اور بھارت دونوں کے کرکٹ بورڈز کو اس پیچیدہ صورتحال سے نکلنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر ناراض پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی کچھ رعایت ملے گی، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ ہائبرڈ ماڈل پر اپنی بات کو کسی حد تک تسلیم کروانے میں کامیاب ہو سکے گا

Related Articles

Latest Articles