ہفتہ, نومبر 23, 2024

پیپلزپارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ( پی اے سی) کی سربراہی مانگ لی جب کہ مسلم لیگ (ن) نے بھی پی اے سی کی سربراہی کیلئے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دیدیا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اراکین کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
سپیکر قوم اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا۔ذرائع کے مطابق پی اے سی کے 11 اراکین نے ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے، جب تک مستقل چیئرمین نہیں بنتا کمیٹی اراکین خود اپنا چیئرمین الیکشن کے ذریعے منتخب کریں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے تحریک انصاف سے پھر ناموں کا پینل مانگ لیا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس معاملے پر اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات بھی کی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیخ وقاص اکرم کو ہی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے پر بضد ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی پی اے بی کے چیئرمین کی نامزدگی کے لیے اندرونی اختلافات کا شکار رہی، عمر ایوب کی سربراہی میں 19 رکنی کمیٹی میں سے 9 نے شیخ وقاص کو اور 7 نے افضل مروت کے نام کی حمایت کی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بھی پی اے سی کی سربراہی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دے دیا۔
واضح رہے کہ مارچ میں حکومت کے وجود میں آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 3 ماہ کی تاخیر کے بعد پی اے سی سمیت 40 قائمہ کمیٹیاں تشکیل دی تھی تاہم پارلیمنٹ کی سب سے اہم کمیٹی پی اے سی اب تک اپنے چیئرمین کا انتخاب نہیں کرسکی۔

Related Articles

Latest Articles