پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل مسترد کر دیا، آئی سی سی کو باضابطہ جواب ارسال
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جمعے کو ہونے والی میٹنگ سے پہلے ہی پی سی بی نے رابطہ کر کے اپنا مؤقف واضح کر دیا۔ پی سی بی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے دائرہ اختیار میں ہوگی، اور کسی بھی مشترکہ انتظام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پی سی بی حکام نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرے جبکہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے۔ انہوں نے کہا، "اگر آئی سی سی کے پاس اس مسئلے کا کوئی قابل عمل حل موجود ہے تو ہمیں میٹنگ سے پہلے ہی آگاہ کیا جائے تاکہ ہم مکمل تیاری کے ساتھ کسی حتمی فیصلے تک پہنچ سکیں۔”
اس سے قبل، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ایک رات گئے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تمام فیصلے پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں کیے جائیں گے اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں اتاری جائے گی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے میڈیا ذرائع کے ذریعے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان سے چھیننے یا ہائبرڈ ماڈل کے نفاذ پر زور دے رہا ہے۔ وہ اسلام آباد میں جاری سیاسی احتجاج اور سری لنکا اے ٹیم کے دورے کی منسوخی کو پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کے لیے جمعے کو ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کا ایجنڈا انتہائی اہم ہوگا۔