سپریم کورٹ کا ٹیکس مقدمات جلداز جلد نمٹانے کا فیصلہ
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ٹیکس مقدمات کے زیر التوا رہنے کے مسئلے کو ختم کرنے اور انہیں جلد از جلد نمٹانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت انصاف کی فراہمی اور عدالتی اصلاحات پر دو اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس بلال حسن نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں قانونی ماہرین اور ایف بی آر کی ٹیم سمیت مشہور ترقیاتی ماہر شیر شاہ نے شرکت کی، جہاں عدالتی امور کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تربیتی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں زیر التوا ٹیکس مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور التوا کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے جلد فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے عدالت اور قانونی ٹیمیں مشترکہ طور پر کام کریں گی۔
اجلاس میں بار کے نمائندوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عدالتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انصاف کی جلد فراہمی اور عدالتی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانا سپریم کورٹ کی اولین ترجیح ہے۔





















