وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے معزز جسٹس منصور علی شاہ کے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترم جج صاحب نے اپنے خط میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان کے تجویز کردہ اقدامات پر عمل نہ ہوا تو عدلیہ پر عوام کا اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ نے عدلیہ کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کے دوران جو کچھ دیکھا ہے، وہ اس کے عینی شاہد ہیں۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ، جسٹس اعجاز الاحسن، اور مظاہر نقوی جیسے افراد کو عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے والے نام قرار دیا۔
خواجہ آصف نے سوال کیا، "محترم شاہ صاحب! کیا اس وقت عوام کے اعتماد کے بارے میں سوچا گیا تھا؟ یا یہ خدشہ کسی ذاتی وجہ سے پیدا ہوا ہے؟” ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ ایک اعلیٰ مقام پر فائز ہیں، اور ان کے لیے اس قسم کا "سلیکٹیو سینس آف جسٹس” زیب نہیں دیتا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ نے حال ہی میں چیف جسٹس کو خط لکھ کر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔