چین میں ایک منفرد اور دلچسپ مقابلے میں خاتون نے آٹھ گھنٹے تک موبائل فون کا استعمال نہ کر کے 10 ہزار یوان (تقریباً 3 لاکھ 82 ہزار پاکستانی روپے) کا انعام جیت لیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، سیلز مینیجر ڈونگ، جو سوشل میڈیا پر ’پاجامہ سسٹر‘ کے نام سے جانی جاتی ہیں، نے اس چیلنج میں دیگر شرکاء کے ساتھ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ جیت لیا۔
یہ مقابلہ ایک شاپنگ مال میں میٹریس اور بیڈنگ اسٹور کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد شرکاء میں موبائل فون کے بغیر وقت گزارنے کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔ مقابلے کے لیے 100 درخواست دہندگان میں سے 10 افراد کو منتخب کیا گیا تھا۔
شرکاء کو مقابلہ شروع ہونے سے قبل اپنے موبائل فون جمع کرانے پڑے، اور ان کو کسی بھی قسم کی برقی ڈیوائس (جیسے لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ) استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ البتہ ایمرجنسی کے لیے منتظمین نے مخصوص کال کرنے والی ڈیوائس فراہم کی۔
مقابلے کے دوران شرکاء کو اپنے بیڈ پر ہی کھانے پینے کی اجازت تھی، جبکہ ٹوائلٹ استعمال کرنے کے لیے صرف پانچ منٹ کا وقت دیا گیا۔
ڈونگ نے اصولوں کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے 100 میں سے 88.99 پوائنٹس حاصل کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ معمولی طور پر بھی بلاوجہ فون استعمال نہیں کرتیں اور اپنے فارغ وقت میں اپنے بچے کو تعلیم دیتی ہیں۔
یہ منفرد مقابلہ لوگوں کو موبائل فون سے وابستگی کم کرنے اور زندگی میں سکون حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔