بیرون ملک سے سامان لانے والوں پر نئی پابندیاں، موبائل فون ضبط ہوں گے
اسلام آباد: ایف بی آر نے بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیاء لانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت ہوگی۔ ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بیگیج رولز 2006 میں ترامیم کا مسودہ پیش کیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ قوانین میں ترامیم کے حوالے سے 7 روز کے اندر تجاویز اور سفارشات دی جا سکتی ہیں، تاہم مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی آرا قابل قبول نہیں ہوں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء کو کمرشل تجارت تصور کیا جائے گا۔
نئے قوانین کے تحت بیرون ملک سے اضافی موبائل فونز ضبط کر لیے جائیں گے، اور ایک موبائل فون کے سوا کوئی اضافی سامان ڈیوٹی، ٹیکس یا جرمانے کے باوجود کلیئر نہیں ہوگا۔ ایف بی آر نے اس اقدام کو بیگیج اسکیم کی بہتری کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔