دل کا دورہ پڑنے کے بعد نیند کیوں ضروری؟ تحقیق میں حیرت انگیز انکشافات

نیند جسمانی شفا کے عمل میں کیا کردار ادا کرتی ہے۔"

ایک نئی تحقیق کے مطابق، دل کا دورہ پڑنے کے فوراً بعد مناسب نیند لینے سے صحت یابی کے عمل کو تیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور مستقبل میں دوسرے دل کے دورے کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔

مطالعے کے سینئر مصنف اور نیویارک شہر کے ماؤنٹ سینائی آئیکان سکول آف میڈیسن کے کارڈیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر کیمرون میکالپائن نے کہا، "ہمیں کئی برسوں سے معلوم ہے کہ اچھی نیند دل کے دورے کو روکنے میں مددگار ہوتی ہے، لیکن یہ بات زیادہ واضح نہیں تھی کہ ہارٹ اٹیک کے بعد نیند جسمانی شفا کے عمل میں کیا کردار ادا کرتی ہے۔”

تحقیق میں مختلف لیبارٹری تجربات کیے گئے، جن میں کچھ چوہوں کو مصنوعی طور پر دل کے دورے سے متاثر کیا گیا، جب کہ دیگر کو صحت مند چھوڑا گیا۔ سائنسدانوں نے ہائی ریزولیوشن امیجنگ اور جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے دماغی سرگرمی اور نیند کے نمونوں کا تفصیلی تجزیہ کیا۔

مطالعے سے معلوم ہوا کہ دل کے دورے کے فوراً بعد چوہوں میں دماغی لہروں کے ساتھ گہری نیند میں تقریباً تین گنا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، سائنسدانوں نے مونوکیٹس نامی مدافعتی خلیوں کی سرگرمی میں اضافہ دیکھا، جو نیند کی شدت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئے۔

یہ تحقیق اس بات پر زور دیتی ہے کہ دل کے دورے کے بعد جسم کو زیادہ آرام کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مدافعتی نظام جسم کی مرمت کا عمل شروع کر سکے۔ نیند، خاص طور پر گہری نیند، دل کے زخموں کو مندمل کرنے اور دوبارہ دل کے دورے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ دل کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ صحت یابی کے دوران نیند کو اپنی روزمرہ زندگی میں ترجیح دیں۔ یہ تحقیق اس بات کا ثبوت فراہم کرتی ہے کہ مناسب نیند دل کے دورے کے بعد جسمانی صحت کی بحالی میں ایک کلیدی عنصر ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین