چیمپئنز ٹرافی کے آفیشل پرومو نے نیا تنازعہ پیدا کر دیا

ہائبرڈ ماڈل کے تحت انعقاد کے بارے میں سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔

پاکستان میں 2025 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل پرومو جاری کر دیا گیا ہے، لیکن اس میں پاکستان کو میزبان ملک کے طور پر ذکر نہیں کیا گیا، جس سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

آفیشل براڈکاسٹر ‘اسٹار اسپورٹس’ نے اپنے سوشل میڈیا پر پرومو شیئر کیا، جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں تھا۔ اس سے چیمپئنز ٹرافی کے مکمل پاکستان میں ہونے یا ہائبرڈ ماڈل کے تحت انعقاد کے بارے میں سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔

پرومو میں بھارتی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک، آسٹریلیش کپتان پیٹ کمنز، انگلینڈ کے جوفرا آرچر اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی جیسے کھلاڑیوں کی جھلکیاں شامل ہیں، مگر ویڈیو کا اختتام ’کمنگ سون‘ کے ساتھ ہوتا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ شیڈول کی باضابطہ تصدیق ابھی تک آئی سی سی سے نہیں ہوئی ہے۔

آفیشل پرومو کے بعد یہ بات واضح ہوئی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں 100 دن سے بھی کم وقت رہ جانے کے باوجود ابھی تک صورتحال میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کرنے کا پلان بنایا تھا، لیکن اب اس کی بروقت تیاریوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

حال ہی میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کے تحت پاکستان بھارت جا کر میچز نہیں کھیل پائے گا، مگر اس پر باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔ اس ڈیڈلاک کی وجہ سے براڈکاسٹرز اور مداحوں میں بھی الجھن بڑھ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین