بیروت :شام میں پھنسے پاکستانی لبنان کی سرحد تک پہنچ چکے ہیں، لیکن تاحال ان کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام نہیں ہوسکا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق شام میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، اور اب تک تقریباً 400 پاکستانی
لبنان کی سرحد پر پہنچ گئے ہیں۔ انہیں بیروت سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ شام سے پاکستانیوں کی بیروت منتقلی کے بعد وطن واپسی کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست اب تک نہیں کیا جاسکا، لیکن امکان ہے کہ یہ انتظام کل یا پرسوں مکمل کر لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شام سے 250 زائرین اور 300 دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لبنانی وزیراعظم سے ان کی گفتگو ہوئی ہے، جس میں لبنانی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی شہریوں کے پاس ویزے ہوں یا نہ ہوں، بیروت کے رفیق حریری ایئرپورٹ سے ان کی روانگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے
گی۔