مصنوعی ذہانت کی مدد سے ہاتھیوں کی جان کیسے بچائی گئی؟
اڑیسہ: بھارتی ریاست اڑیسہ میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے ہاتھیوں کی زندگیوں کو بچانے کی ایک شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔
ضلع سندر گڑھ کے گھنے جنگلات میں ایک بچے سمیت تین ہاتھیوں کو ممکنہ طور پر ایک المناک ٹرین حادثے سے بچانے کے لیے محکمہ جنگلات نے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ یہ ہاتھی ریلوے لائن کی طرف بڑھ رہے تھے، جس سے ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے نصب کردہ اعلیٰ معیار کے کیمروں کے ذریعے ہاتھیوں کی حرکات کو وقت پر نوٹ کیا گیا اور فوری طور پر محکمہ ریلوے کو اطلاع دے کر ٹرین کو روک دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام نے نہ صرف ان معصوم ہاتھیوں کی زندگیاں بچائیں بلکہ ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کی قیمتی جانوں کو بھی محفوظ بنایا۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور انسانی عزم مل کر قدرت اور انسانیت کے لیے بڑے معجزے کر سکتے ہیں۔