مطالبات پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، سول نافرمانی کا فیصلہ واپس لینا بانی پی ٹی آئی کا حق ہے:شیخ وقاص
اسلام آباد:پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور سول نافرمانی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کا ہے، جسے واپس لینے کا اختیار بھی ان کے پاس ہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ غیر رسمی گفتگو کو مذاکرات کہنا ٹھیک نہیں۔ ان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے 5 رکنی کمیٹی بننے کے بعد مذاکرات کی باتیں شروع ہوئیں، لیکن کچھ لوگ پہلے ہی بات کو خبریں بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ ابھی تک نہیں ہوا، اور غیر رسمی ملاقاتوں کو مذاکرات کا نام دینا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر کی ملاقاتوں کے حوالے سے خبریں غلط ہیں۔
شیخ وقاص نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے مطالبات پر قائم ہے اور انصاف کی خواہاں ہے۔ ان کے بقول، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے اور حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں تو یہ کہا گیا کہ ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی، لیکن اب حکومتی نمائندے خود مان رہے ہیں کہ ہوائی فائرنگ ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پر سب راستے بند کر دیے گئے تھے، اور ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچا تھا۔
شیخ وقاص نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنا کر مذاکرات کا راستہ کھولا ہے، اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے خلاف جعلی مقدمات ختم کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے فیصلے واپس لینے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے ترسیلات محدود کرنے کی بات کی ہے، اور حکومت کو اپنے رویے کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے معاملے پر کہا کہ یہ فوج کا اندرونی مسئلہ ہے اور حکومت کے نمائندے اسے غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شیخ وقاص نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیض حمید سے 9 مئی کے وقت رابطے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، لیکن کوئی ثبوت دیا جائے کہ کیسے رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری پارٹی کا نام غلط استعمال ہوا تو ہم متعلقہ فورمز پر اپنی بات رکھیں گے۔