تحریک انصاف نے مذاکرات کا پیغام بھیجا تو حکومت کا انکار نہیں ہوگا، رانا ثناء اللہ

تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ دل سے معذرت کرے اور یہ تسلیم کرے کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ غلط تھا۔

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے مذاکرات کا پیغام بھیجا تو حکومت کی طرف سے انکار نہیں کیا جائے گا۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی تو بنائی ہے، لیکن ابھی تک مذاکرات کا باضابطہ پیغام نہیں بھیجا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں پیغام ملا تو ہم انکار نہیں کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ فائنل کال سے پہلے تحریک انصاف سے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن اس دوران عمران خان کی رہائی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ دل سے معذرت کرے اور یہ تسلیم کرے کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ غلط تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتی؟ وہ کیوں نہیں کہتی کہ ان سے غلطی ہوئی؟

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ 9 مئی کے واقعات میں وہ شامل نہیں تھے، حقیقت سے انکار ہے اور اس طرح کے بیانات تلخی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے کہا کہ یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق مدارس کو سوسائٹی ایکٹ کے تحت یا وزارت تعلیم سے رجسٹرڈ کرانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، اور اس میں کسی قسم کا ڈیڈ لاک بھی نظر نہیں آتا۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین