شادی کے کارڈ عام طور پر مہمانوں کو عزت و احترام کے ساتھ مدعو کرنے کے لیے ہوتے ہیں، مگر بھارت میں ایک شادی کا کارڈ اپنی منفرد تحریر اور مزاحیہ انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا ایپ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک شادی کے دعوت نامے کی تصویر گردش کر رہی ہے، جس کے الفاظ پڑھنے والوں کو حیران اور محظوظ کر رہے ہیں۔
کارڈ کی ابتدا ہی غیر متوقع انداز میں کی گئی ہے:
’ہماری شادی میں آپ کی موجودگی بہت ضروری ہے کیونکہ اگر آپ نہ آئے تو کھانے کی برائیاں کون کرے گا؟‘
مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ کارڈ پر دلہن کے نام کی جگہ درج ہے: ’شرما جی کی لڑکی (جو پڑھائی میں تیز ہے)‘ اور دلہا کا ذکر یوں کیا گیا ہے: ’گوپال جی کا لڑکا (بی ٹیک کرکے دکان سنبھال رہا ہے)‘۔
شادی کی تاریخ 5 جنوری 2025 درج ہے، اور یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اسی دن ٹنکو کے امتحانات بھی ختم ہو رہے ہیں۔
کارڈ میں ریسیپشن کی دعوت بھی دی گئی ہے، جس کے الفاظ کچھ یوں ہیں:
’شادی تو ہو گئی، اب باری ہے بوا اور پھوپھا جی کے جھگڑے دیکھنے کی، شادی کا ہینگ اوور ابھی ختم نہیں ہوا، ریسیپشن کا ڈرامہ دیکھنے ضرور آئیں۔‘
دعوت نامے میں مہمانوں کے لیے کچھ ہدایات بھی شامل ہیں، جن میں کہا گیا ہے:
- ’براہ کرم اپنے بچوں کا دھیان رکھیں، شادی کا اسٹیج ان کا کھیل کا میدان نہیں ہے۔‘
- ’ریسیپشن میں آئیں تو پھوپھا پھوپھی جی سے ضرور ملیں، ورنہ ان کا چہرہ گول گپے کی طرح پھول جائے گا۔‘
- ’کھانے سے لطف اٹھائیں، کیونکہ فی شخص قیمت صرف 2000 روپے ہے۔‘
تحفے تحائف کے حوالے سے واضح طور پر لکھا گیا ہے:
’براہ کرم کوئی تحفہ نہ لائیں، صرف گوگل پے یا نقد دیں، کیونکہ ہمارے پاس پہلے ہی 7 ڈنر سیٹ اور 20 فوٹو فریمز موجود ہیں۔‘
یہ منفرد اور مزاحیہ کارڈ نہ صرف مہمانوں کو مدعو کرنے کا کام کر رہا ہے، بلکہ شادی میں شامل ہونے کی دلچسپی بھی بڑھا رہا ہے۔