پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 2025 میں "پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولے” کے تحت پاکستان میں ہی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق بیشتر امور پر اتفاق ہوچکا ہے، اور توقع ہے کہ ہفتے تک معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی آئندہ برس پاکستان کو دی گئی تھی، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے دورے سے انکار کے باعث ایونٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ پی سی بی نے اس پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اب برابری کی بنیاد پر فیصلے ہوں گے۔
اس تنازع کو حل کرنے کے لیے "پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولہ” پیش کیا گیا، جس میں یہ طے پایا کہ آئندہ تین برس تک دونوں ممالک میں کسی بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹ میں ٹیمیں اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گی۔ کئی روز تک جاری مذاکرات کے بعد اتفاق رائے ہوگیا۔
- چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
- بھارتی ٹیم اپنے میچز یو اے ای میں کھیلے گی، جبکہ سیمی فائنل یا فائنل میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں بھی میچز دبئی میں ہی ہوں گے۔
- اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچتا، تو فیصلہ کن میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔
- 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کھیلے گا۔
- 2027 کے بعد پاکستان کو ایک آئی سی سی ویمنز ایونٹ کی میزبانی دی جائے گی۔
پی سی بی نے بھارتی ٹیم کے نہ آنے کی صورت میں مالی نقصان کے ازالے کے لیے یو اے ای میں ایک ٹرائنگولر سیریز کی تجویز دی تھی، تاہم اس پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے، لیکن حتمی معاہدے پر دستخط ہونے تک یقین کرنا ممکن نہیں۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ بات چیت جاری ہے، اور کسی بھی فیصلے کا اعلان میڈیا ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔