کراچی میں رواں سال 500 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق
کراچی :کراچی میں ٹریفک حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، رواں سال کے دوران تقریباً 500 افراد مختلف حادثات کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حال ہی میں کورنگی ناصر جمپ کے قریب پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں ایک 5 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ یہ بچہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا، جو شادی کے 13 سال بعد پیدا ہوا تھا۔ حادثے کی وجہ سڑک کی خستہ حالی بتائی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جاں بحق بچے شاہ میر کے والد عبد الحمید نے بتایا کہ سڑک خراب ہونے کے باعث ان کی موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا، جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا والدہ کی گود سے نیچے گر گیا اور پیچھے سے آنے والا ٹریلر بچے پر چڑھ گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچے کے تایا نے کہا کہ کورنگی روڈ ناصر جمپ کے اطراف دکانوں نے آدھی سڑک پر قبضہ کر رکھا ہے جبکہ باقی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کورنگی روڈ پر ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں، باوجود اس کے کہ ہیوی ٹریفک کے لیے دن کے اوقات میں پابندی عائد ہے، ٹریفک پولیس کی غفلت کی وجہ سے یہ گاڑیاں کورنگی روڈ پر بلا روک ٹوک چلتی ہیں۔
رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات میں تقریباً 500 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں لیکن ان حادثات کی روک تھام کے لیے اب تک کوئی سنجیدہ اقدامات سامنے نہیں آئے۔