بنگلہ دیش میں کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی گئی
ڈھاکہ:بنگلہ دیش میں 5 اگست کو عوامی انقلاب کے بعد سے اہم تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد کئی بڑے فیصلے سامنے آئے ہیں۔
عبوری حکومت نے "جوئے بنگلہ” کے نعرے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ ملک کی کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپلٹ ڈویژن کے حالیہ فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ "جوئے بنگلہ” اب قومی نعرہ نہیں ہوگا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت نے نئے کرنسی نوٹوں کی اشاعت کا فیصلہ کیا ہے، جن پر موجودہ انقلاب کی علامتیں اور خصوصیات شامل کی جائیں گی۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا نے عبوری حکومت کے فیصلوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمان اور ان کی بیٹی کی سیاست کا اثر ختم کیا جارہا ہے، جسے کئی حلقے نفرت کی سیاست قرار دے رہے ہیں۔
ان اقدامات کو ملک میں سیاسی نظریات کی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور عبوری حکومت کی پالیسیاں عوامی انقلاب کے ثمرات کی عکاسی کرتی ہیں۔