پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ مالی سال کے 5 ماہ میں 94 کروڑ ڈالر سرپلس
اسلام آباد: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ نومبر 2024 میں 72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں میں یہ سرپلس 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر میں کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس فروری 2015 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 میں تجارت، خدمات اور آمدن کا مجموعی خسارہ 2.35 ارب ڈالر رہا۔ جولائی سے نومبر تک ان شعبوں کا مجموعی خسارہ 14.55 ارب ڈالر رہا۔
جولائی سے نومبر کے درمیان ملکی برآمدات 13.28 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 22.97 ارب ڈالر رہیں۔ مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں تجارتی خسارہ 9.68 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی پانچ مہینوں میں بیرونی ادائیگیوں کے لیے 33 فیصد اضافی رقوم خرچ کی گئیں، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس مدت میں 14.76 ارب ڈالر ترسیلات بھجوائیں۔
نومبر میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں، جو اکتوبر کے مقابلے میں 2 فیصد کم ہیں۔