اگلی عالمی وبا کہاں سے آئے گی؟ ماہرین کا انتباہ
اسپین میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ طور پر اگلی عالمی وبا کا آغاز امریکہ سے ہو سکتا ہے۔اسپین کے جریدے "لا وینگارڈیا” کے مطابق، وبائی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ برڈ فلو (ایچ 5 این 1) وائرس، جو پرندوں اور دیگر جانوروں میں پھیلتا ہے، اپنی ساخت میں تبدیلیوں کے باعث ایک نئی عالمی وبا کا سبب بن سکتا ہے۔
برڈ فلو ایک وائرل انفیکشن ہے جو خاص طور پر پرندوں، گائے اور دیگر جانوروں کو متاثر کرتا ہے۔ اگرچہ فی الحال اس وائرس کے انسان سے انسان میں منتقلی کے شواہد موجود نہیں ہیں، لیکن ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس وائرس کی جنگلی حیات سے پالتو جانوروں میں منتقلی مستقبل میں انسانوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، موجودہ شواہد بتاتے ہیں کہ اس نئی ممکنہ وبا کا آغاز امریکہ سے ہو سکتا ہے۔ تاہم، اچھی خبر یہ ہے کہ اس خطے کے حوالے سے سائنسی معلومات اور تحقیق تک رسائی بہت زیادہ ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ژواں ریمن جیمینیز یونیورسٹی ہاسپٹل کے ماہر فران فرانکو نے کہا کہ اگر امریکہ میں وائرس سے متعلق کوئی اہم واقعہ پیش آتا ہے تو یہ فوراً علم میں آجائے گا۔