وہ خاندان جس میں 65 سال بعد پہلی بار لڑکے کی پیدائش ہوئی
برطانیہ کے قصبے اسٹو مارکیٹ میں ایک خاندان کے ہاں 65 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلے لڑکے کی پیدائش ہوئی، جس پر خاندان نے 3 دہائی پرانی تصویر کو دوبارہ زندہ کر دیا۔
27 سالہ شانتیل اسٹون نے 26 نومبر کو اپنے بیٹے کو جنم دیا، جو 1959 کے بعد اس خاندان میں پیدا ہونے والا پہلا لڑکا ہے۔ 1997 میں شانتیل کی پیدائش پر ان کی نانی نے خاندان کی 4 نسلوں کے ساتھ ایک یادگار تصویر کھینچوائی تھی، جس میں نومولود شانتیل اپنی والدہ ایمنڈا لی کی گود میں تھیں، جبکہ نانی لنزے اسٹون، پرنانی جوان ایبرن اور سکڑ نانی ایڈتھ میننگ بھی اس تصویر کا حصہ تھیں۔
یہ تصویر اُس وقت ایک مقامی روزنامے میں شائع ہوئی تھی، جس میں خاندان کی 5 نسلوں کو دکھایا گیا تھا۔
لڑکے کی پیدائش سے قبل اس خاندان میں آخری بار 1959 میں لڑکے کا جنم ہوا تھا، جو لنزے اسٹون کے بھائی کیون تھے۔ لنزے اسٹون کا کہنا تھا کہ 1997 میں جب رپورٹر نے تصویر کھینچی، تو اس وقت امید ظاہر کی گئی تھی کہ اگلی نسل میں لڑکا ہو سکتا ہے، لیکن پھر شانتیل کی والدہ نے مزید تین بیٹیوں کو جنم دیا۔
اس بار نئے بچے کی پیدائش کے بعد خاندان نے ایک اور یادگار تصویر کھینچوائی، جس میں 91 سالہ جوان ایبرن کو ایڈتھ میننگ کی جگہ خاندان کی سرپرست کے طور پر دکھایا گیا۔
91 سالہ جوان ایبرن کی سالگرہ کے موقع پر پورا خاندان اکٹھا ہوا، جہاں بچے کی پیدائش کا جشن بھی منایا گیا اور نئی تصویر کھینچوائی گئی۔ لنزے اسٹون نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ ایک خوبصورت لمحہ تھا۔ میرا نواسا نہایت دلکش ہے اور اپنے والدین کی طرح بہت متحرک لگتا ہے۔”