پاکستان کے میزائل امریکی اہداف تک پہنچ سکتے ہیں، نائب امریکی قومی سلامتی مشیر
واشنگٹن: امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا ہے کہ پاکستان ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو جنوبی ایشیا کی حدود سے باہر جا کر امریکی اہداف کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے یہ تیاری اس کے عزائم اور ارادوں پر سوالات کھڑے کرتی ہے۔ جان فائنر نے اس اقدام کو ایک "ابھرتی ہوئی دھمکی” کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ اسے کسی اور نظر سے دیکھنا مشکل ہے۔
امریکہ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کے حوالے سے پاکستان کے چار اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ان اداروں پر الزام ہے کہ وہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو تقویت فراہم کر رہے ہیں۔
پابندی کا شکار ہونے والے پاکستانی اداروں میں اسلام آباد کا نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس، اور کراچی میں قائم تین کمپنیاں، اختر اینڈ سنز، ایفیلی ایٹس انٹرنیشنل، اور روک سائیڈ انٹرپرائیزز شامل ہیں۔