شعیب اختر کی دولت کتنی ہے؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
پاکستان کے کرکٹ اسٹار شعیب اختر، جنہیں راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے اپنے کیریئر میں نہ صرف شاندار ریکارڈز بنائے بلکہ اپنے بعد کی زندگی میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔
1997 سے 2011 تک انٹرنیشنل کرکٹ کے میدانوں میں راج کرنے والے شعیب اختر نے دنیا کی تیز ترین گیند کرانے کا منفرد ریکارڈ بنایا جو آج تک کوئی توڑ نہیں سکا۔ ان کے کیریئر میں 400 سے زائد وکٹیں شامل ہیں، جن میں ٹیسٹ کرکٹ میں 178 اور ایک روزہ کرکٹ میں 163 وکٹیں شامل ہیں
2011 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شعیب اختر نے تبصرہ نگاری شروع کی اور اپنی زندگی پر ایک کتاب بھی لکھی۔ وہ مختلف ٹی وی پروگراموں کے میزبان اور متعدد برانڈز کے سفیر کے طور پر بھی سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے ارب پتی شہری بننے کے خواہش مند ہیں اور اس مقصد کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق، شعیب اختر کی دولت کا تخمینہ تقریباً 15 ملین ڈالر ہے، جو انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ، براڈکاسٹنگ، اور رئیل اسٹیٹ سے کمائی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، شعیب نے مختلف جگہوں پر سرمایہ کاری کی ہے اور وہ چند ریسٹورنٹس کے بھی مالک ہیں، اگرچہ ان دعوؤں کی تصدیق ابھی باقی ہے۔
شعیب اختر اسلام آباد میں ایک شاندار گھر کے مالک ہیں، جو جدید سہولیات اور خوبصورت باغیچے سے آراستہ ہے۔ انہوں نے 11 نومبر 2014 کو رباب خان سے شادی کی، اور ان کے دو بیٹے محمد میکائیل علی اور مجدد ہیں۔
شعیب اختر نے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی فٹنس کو بہترین انداز میں برقرار رکھا ہے، اور ان کے کاٹ دار تجزیے اور بے باک تبصرے انہیں میڈیا میں ایک نمایاں شخصیت بناتے ہیں۔