امیر مردوں کو جال میں پھنسانے والی چالباز دلہن پکڑی گئی
تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے ایک ایسی دلہن کو گرفتار کیا ہے جو کئی امیر مردوں سے شادی کرکے انہیں لوٹنے کی ماہر تھی۔ یہ خاتون، جو اتراکھنڈ سے تعلق رکھتی ہے اور سیما عرف نکی کے نام سے مشہور ہے، اپنے شکار تلاش کرنے کے لیے میچ میکنگ ویب سائٹس کا استعمال کرتی تھی۔
سیما نے اپنی پہلی شادی 2013 میں آگرہ کے ایک تاجر سے کی۔ کچھ ہی عرصے بعد اس نے اس شخص کے خاندان کے خلاف مقدمہ دائر کیا اور تصفیے کے طور پر 75 لاکھ روپے حاصل کیے۔
2017 میں اس نے گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر سے شادی کی۔ بعد میں، علیحدگی کے دوران اس سے 10 لاکھ روپے وصول کیے۔
اسی طرح 2023 میں سیما نے جے پور کے ایک تاجر سے شادی کی، لیکن کچھ ہی دنوں بعد 36 لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئی۔
متاثرہ خاندان نے شکایت درج کرائی، جس کے بعد جے پور پولیس نے سیما کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ سیما طلاق یافتہ یا بیویوں سے محروم مردوں کو نشانہ بناتی تھی۔
پولیس کے مطابق، سیما نے مختلف ریاستوں میں شادیوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے تصفیے کی صورت میں جمع کیے۔
سیما عام طور پر میچ میکنگ ویب سائٹس کے ذریعے ایسے مردوں سے رابطہ کرتی تھی جو جذباتی طور پر کمزور ہوتے یا دولت مند ہوتے۔ وہ ان سے شادی کے بعد یا تو جھگڑے کا ڈرامہ کرتی یا قانونی کارروائی کا خوف دلا کر رقم وصول کرتی۔
سیما کے خلاف جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر پولیس نے اسے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔ یہ گرفتاری دیگر ممکنہ متاثرین کے لیے بھی ایک سبق بن سکتی ہے کہ وہ آن لائن روابط کے دوران محتاط رہیں۔