عمران خان کو سزا ہونے پر یورپی یونین جی ایس پی پلس معاہدہ ختم کر دے گی، پی ٹی آئی

حکومت کی موجودہ پالیسیوں کے سبب یہ معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے

پشاور:پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کے ملزمان کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے ملٹری کورٹس میں سیویلین ٹرائلز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو سزا دی گئی تو یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران، شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں شہریوں کا ٹرائل نہ صرف آئینِ پاکستان بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے اس عمل کو بین الاقوامی معاہدے کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، جو انصاف پر مبنی فیصلوں کا تقاضا کرتا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس معاہدہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو سخت جدوجہد کرنی پڑی تھی، جس کی وجہ سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ لیکن اب، حکومت کی موجودہ پالیسیوں کے سبب یہ معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہے اور اس پر شفافیت کے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں سیاسی انتقام کا عنصر نمایاں ہے، اور اگر عمران خان کے خلاف فیصلہ آیا تو اس پر بین الاقوامی ردعمل ناگزیر ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومت سے بات چیت شروع کر دی ہے، جس میں دو اہم نکات شامل ہیں: عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 26 نومبر کے سانحے کی جوڈیشل انکوائری۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے کیونکہ یہ کمیٹی انہی کے مینڈیٹ پر مذاکرات کر رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک انصاف کو دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ جوڑنے کی کوشش بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی، القاعدہ اور ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کا تحریک انصاف سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین