امریکی پابندیوں سے فرق نہیں پڑتا، پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے قوم کرے گی: دفتر خارجہ

خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا تھا

اسلام آباد:پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان، ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی کے فیصلے مکمل طور پر پاکستانی قوم کرے گی اور ان پر کسی بیرونی دباؤ یا پابندی کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی مختلف اقسام کی پابندیوں کا سامنا کر چکا ہے، لیکن ہمیشہ اپنی قومی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے فیصلے کیے ہیں اور آئندہ بھی یہی پالیسی برقرار رہے گی۔

امریکہ کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر عائد پابندیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے ان پابندیوں کو غیر منصفانہ اور غیر ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو کمزور کرنے میں ناکام رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا تھا، اور بڑی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ بھارت کے خلاف سخت اقدامات کریں تاکہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔

یورپی یونین کی جانب سے فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر اٹھائے گئے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور عدالتی نظام مکمل طور پر ان معاملات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنے مسائل کو خود حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے اور کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے دفاعی فیصلے قومی مفاد کے مطابق کیے جاتے ہیں اور بیرونی پابندیوں سے ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین