بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
قائداعظم کے یوم ولادت پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے، جبکہ اس سے پہلے یہ ذمہ داری پاک فضائیہ کے جوانوں کے سپرد تھی۔
بابائے قوم کے مزار پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، اور دیگر اہم حکومتی و عسکری شخصیات نے حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قائداعظم کی خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی محنت اور لگن سے پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق مضبوط اور خوشحال ملک بنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیں ایک آزاد ملک دیا، اور موجودہ حکومت ملک میں سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی پیش کی اور قائداعظم کے اس پیغام کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی بات کی تھی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے قائداعظم کی بصیرت اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے، اور اس کا مقصد ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام قائداعظم کے افکار پر عمل کیے بغیر ممکن نہیں۔ ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانا ہوگا۔
بانی پاکستان کے یوم ولادت پر ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی بصیرت، قیادت اور مسلمانوں کے لیے آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔