بھارتی پنجابی گلوکار جیسی گِل نے اپنے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا اعلان کیا، جس پر ان کے پاکستانی فینز بہت پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
یہ اعلان نجی ٹی وی کے معروف شو ’مذاق رات‘ کے دوران کیا گیا، جب میزبان عمران اشرف نے جیسی گِل کو ایک پاکستانی مداح لڑکی کی فرمائش پر کال کی۔ اس کال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور مداح عمران اشرف کی کاوش کو سراہنے لگے۔
پروگرام میں ایک لڑکی نے جیسی گِل اور عمران اشرف کی تصویر بنوا کر پیش کی اور خود کو جیسی گِل کی سب سے بڑی مداح قرار دیا۔ لڑکی کی خواہش پر عمران اشرف نے جیسی گِل کو کینیڈا میں کال کی۔ جیسی گِل نے کال اٹینڈ کرتے ہوئے نہ صرف لڑکی سے بات کی بلکہ انہیں خوش کرنے کے لیے اردو، ہندی اور پنجابی میں گفتگو بھی کی۔
فون کال کے دوران جیسی گِل نے مداح لڑکی کو کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جائے تو انہیں بھی مینشن کیا جائے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ جیسی گِل کا یہ اعلان حقیقت پر مبنی تھا یا مداح لڑکی کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو خوب پسند کیا اور عمران اشرف کی تعریف کی، جو مداح کی خواہش پوری کرنے کے لیے جیسی گِل کو کال کرنے میں کامیاب ہوئے۔