اسلام آباد:بجلی چوری روکنے اور اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی چوری روکنے اور اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے جائزے کے لیے منعقدہ اجلاس میں لیسکو، پیسکو، اور فیسکو کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور بجلی کمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتی میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکم دیا کہ یہ تعیناتیاں جلد مکمل کی جائیں اور میرٹ پر کی جائیں، جبکہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران نیپرا کے دیے گئے اہداف کے حصول کے لیے وسائل بروئے کار لانے پر بھی زور دیا گیا۔ لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نومبر 2024 تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی 87.98 فیصد اور فیسکو کی 97.57 فیصد رہی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔





















