اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رپورٹ کے مطابق، ترسیلاتِ زر میں 33.6 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے مرکزی بینک کے مالی ذخائر 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.85 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ جولائی سے نومبر تک، برآمدات میں 7.4 فیصد اور درآمدات میں 8.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، بیرونی سرمایہ کاری میں 42.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب کہ ایف بی آر کی محصولات میں بھی 23.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
نان ٹیکس آمدنی میں 101.3 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا، اور مالی خسارہ 495 ارب روپے سرپلس رہا۔ زرعی شعبے کو قرضوں میں 8.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ، وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر افراط زر کی شرح 29.2 فیصد سے کم ہو کر 4.9 فیصد ہوگئی ہے، اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.02 فیصد کا معمولی اضافہ بھی دیکھنے کو ملا۔