بھارتی ریاست کیرالہ کے معروف تاجر بوبی چمنور کو ایک اداکارہ کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بوبی چمنور چمنور گروپ کے چیئرمین ہیں اور یہ گروپ زیورات کے کاروبار میں مشہور ہے۔
ذرائع کے مطابق ملیالم اداکارہ ہنی روز نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بوبی چمنور نے ان کے ساتھ بار بار نامناسب اور جنسی نوعیت کے تبصرے کیے، جس کی وجہ سے ان کے خاندان کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ چار ماہ پہلے پیش آیا تھا۔
اداکارہ نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کے لیے سکون کا پیغام لایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ اس معاملے میں سختی سے کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہنی روز نے اس ہفتے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی کے بارے میں ذکر کیا، لیکن وہ کسی کا نام نہیں لیا۔ اس واقعے کے بعد انہیں سائبر حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔
تاجر بوبی چمنور نے 2012 میں مشہور فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کو کیرالہ لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔