بھکاری کے ساتھ بھاگنے والی خاتون کی حقیقی کہانی سامنے آگئی

وہ اپنے شوہر کی جانب سے ہونے والے ظلم و تشدد سے تنگ آ کر گھر سے نکلی ہیں

بھارتی ریاست اتر پردیش میں چھ بچوں کی ماں کا اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر ایک بھکاری کے ساتھ بھاگ جانے کے واقعے کی اصل کہانی نے نئے رخ اختیار کر لیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، یہ خبر پہلے ہی سامنے آ چکی تھی کہ ایک خاتون نے اپنے شوہر اور چھ بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ نکل جانے کا فیصلہ کیا، لیکن اب راجیشوری کے بیان نے اس کہانی کے پس پردہ ایک مختلف صورت حال کو اجاگر کیا ہے۔

راجیشوری، جن کی عمر 36 سال ہے، نے پولیس کے سامنے ایک بیان دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنے شوہر کی جانب سے ہونے والے ظلم و تشدد سے تنگ آ کر گھر سے نکلی ہیں اور فی الوقت اپنے کسی قریبی رشتے دار کے ہاں مقیم ہیں، جبکہ بھکاری کے ساتھ بھاگنے کا الزام بے بنیاد ہے۔

راجیشوری نے مزید کہا کہ اس کے شوہر کی جانب سے کیے جانے والے روزانہ کے تشدد نے اسے گھر چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، راجیشوری کی جانب سے دیے گئے بیانات کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی جس میں ہریال پور کے 45 سالہ راجو نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی بیوی محلے کے ایک بھکاری کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔ راجو نے بتایا کہ اس کی بیوی نے 45 سالہ بھکاری، جس کا نام ننھا پنڈت ہے، سے بات چیت کی اور اس کے بعد ان کی دوستی فون پر ہو گئی۔

راجو نے کہا کہ 3 جنوری کی دوپہر، راجیشوری نے اپنی بیٹی کو بتایا کہ وہ سبزی لینے جا رہی ہے لیکن وہ واپس نہیں آئی۔ راجو نے مزید الزام لگایا کہ اس کی بیوی کو بھکاری نے بھگا لیا اور وہ بھینس بیچ کر حاصل کی گئی رقم بھی ساتھ لے گئی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین