لاہور: بارش برسانے والے سسٹم کی پاکستان میں آمد کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں خشک موسم جاری ہے، جبکہ آج صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند دیکھنے کو مل رہی ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ میں نمایاں کمی آ سکتی ہے، جس سے ٹریفک میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
صوبے کے مختلف مقامات پر دھند کی شدت کے باعث حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ناپا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو پاکستان میں داخل ہوگا۔ اس سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔