ایران نے شدید نقصان پہنچایا، حزب اللہ نے گہرے زخم دیے ہیں؛ شام

اب شام حزب اللہ کے لیے ایرانی ہتھیاروں کی راہداری نہیں رہے گا، احمد الشرع

لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد شام کے حکمران احمد الشرع سے ملاقات کے لیے گیا۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں پردستخط ہوئے اور دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے ایک حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے لبنان سے 15 لاکھ شامی مہاجرین کی محفوظ وطن واپسی کے بارے میں بات چیت بھی کی۔

احمد الشرع کا کہنا تھا کہ شام نے شدید نقصان سہا ہے اور حزب اللہ نے ہمیں بڑے زخم دیے ہیں، لہٰذا شام اب حزب اللہ کے لیے ایرانی ہتھیاروں کا راستہ فراہم نہیں کرے گا۔

شام کی عبوری حکومت کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگرچہ ایران اور حزب اللہ نے مسائل پیدا کیے ہیں، ہم دیگر قوتوں کے ساتھ تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اس ملاقات میں لبنانی سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران بھی شامل تھے، جہاں سرحدی تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

دونوں ممالک نے اپنے سرحدوں سے قانونی نقل و حرکت کو منظم کرنے اور مربوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ قابل ذکر ہے کہ احمد الشرع، جنہیں ابو محمد الجولانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی قیادت میں حکومت مخالف عسکری گروہوں نے بشار الاسد کی 15 سالہ آمریت کا خاتمہ کیا تھا، جس کے بعد شام میں عبوری حکومت قائم کی گئی، حالانکہ عملی طور پر احمد الشرع ہی ملک کے حکمران ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین