بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 27 دہشت گرد مارے گئے

دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے

بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 جنوری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں دہشت گردوں کے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کے علاوہ متعدد دیگر ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انتہائی مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کے شانہ بشانہ پُرعزم ہیں۔

اس کارروائی سے ایک روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پہلے آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے اور 2 کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور 2 زخمی ہوئے

متعلقہ خبریں

مقبول ترین