شادی کے دوران بیت الخلا کے بہانے دلہن زیورات اور نقدی لے کر فرار

دلہن کی ماں بھی خاموشی سے اس کے ساتھ چلی گئی، جس سے پورا خاندان حیرت میں مبتلا ہوگیا

بھارت میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران دلہن نے باتھ روم جانے کا بہانہ بنا کر زیورات اور نقدی سمیت فرار ہونے کا منصوبہ بنایا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دلہن کی ماں بھی اس کے ساتھ بھاگ نکلی۔

یہ واقعہ اتر پردیش کے علاقے بھرویہ کے شیو مندر میں پیش آیا، جہاں 40 سالہ کسان کملیش کمار اپنی دوسری شادی کر رہے تھے۔ کملیش کی پہلی بیوی کے انتقال کے بعد انہوں نے یہ نیا رشتہ جوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کملیش، جو سیتا پور کے گووند پور گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں، نے اس واقعے کے بعد میڈیا سے رابطہ کیا، تاہم پولیس نے تصدیق کی کہ اس معاملے میں ابھی تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔

کملیش نے بتایا کہ دلہن اپنی والدہ کے ساتھ مندر میں آئی تھی، جبکہ وہ خود اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تقریب میں شریک تھے۔ کملیش نے دلہن کو ساڑیاں، بیوٹی پراڈکٹس اور قیمتی زیورات دیے تھے، اور شادی کے تمام اخراجات بھی خود ہی برداشت کیے تھے۔

شادی کی رسومات کے دوران، دلہن نے بیت الخلا جانے کی اجازت طلب کی، لیکن اس کے بعد وہ کبھی واپس نہ آئی۔ کملیش نے بتایا کہ دلہن کی ماں بھی خاموشی سے اس کے ساتھ چلی گئی، جس سے پورا خاندان حیرت میں مبتلا ہوگیا۔

اس غیرمعمولی واقعے نے نہ صرف کملیش بلکہ شادی کے تمام مہمانوں کو حیران و پریشان کر دیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین