پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی پلیئرز ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں کئی نامور کھلاڑی فرنچائزز کے اسکواڈز میں شامل ہونے سے محروم رہ گئے۔
ڈرافٹنگ کی یہ تقریب لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں منعقد ہوئی، جہاں فرنچائزز کے مالکان اور منیجمنٹ نے اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ اس دوران کھلاڑیوں کی بولیوں کا سلسلہ نہایت جوش و خروش سے جاری رہا، اور متعدد عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اس ڈرافٹ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن کر سامنے آئے، جنہیں کراچی کنگز نے 3 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 کروڑ 36 لاکھ روپے) کی ریکارڈ رقم کے عوض اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
ڈیوڈ وارنر کے ساتھ دیگر اہم کھلاڑی جیسے شان ایبٹ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، اور فن ایلن مختلف فرنچائزز کا حصہ بنے۔
تاہم، کچھ بڑے کرکٹ ستارے اپنی شاندار کارکردگی کے باوجود پی ایس ایل 10 کے اسکواڈز میں جگہ نہ بنا سکے، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ان معروف کھلاڑیوں میں سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، جیسن روئے، ایلکس ہیلز، اور فن ایلن کے ساتھ افغانستان کے مجیب الرحمان، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور شکیب الحسن بھی شامل ہیں۔
دیگر عالمی کرکٹرز جو پی ایس ایل 10 سے محروم رہے، ان میں ایشٹن ایگر، کرس لین، موئیسز ہینریکس، عثمان خواجہ، تبریز شمسی، ایون لیوس، عمران طاہر، جمی نیشم، اور چرِتھ اسالنکا شامل ہیں۔
پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کے دوران، اگرچہ کئی سپر اسٹارز نے فرنچائزز کی توجہ حاصل کی، لیکن ان نمایاں ناموں کی غیر موجودگی یقینی طور پر مداحوں کے لیے ایک سوالیہ نشان چھوڑ گئی۔