کراچی میں اے ٹی ایم ہیکنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والا ایک آئی ٹی ماہر گروہ سرگرم ہو گیا ہے۔
ناظم آباد کے علاقے میں ملزمان نے ایک بزرگ شہری کے اکاؤنٹ سے چار لاکھ پچاس ہزار روپے نکال لیے۔ اس واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن کا کہنا ہے کہ یہ گروہ آئی ٹی کے ماہر افراد پر مشتمل ہے، جو اے ٹی ایم مشینوں کو ہیک کر کے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔ یہ لوگ بینک کے باہر کھڑے رہتے ہیں اور جب کوئی شہری اے ٹی ایم استعمال کرتا ہے تو کارڈ پھنسنے کا بہانہ کر کے اسے جعلسازی کا شکار بناتے ہیں۔
ملزمان کا ایک ساتھی شہری کی مدد کے بہانے مشین کے قریب آتا ہے اور ہیلپ لائن پر کال کروا کر چالاکی سے اس کا پاس ورڈ اور دیگر تفصیلات حاصل کر لیتا ہے۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ اس گروہ میں ایک خاتون بھی شامل ہے، اور گرفتار ملزم کے باقی ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ لاہور، اسلام آباد، کراچی اور دیگر کئی شہروں میں وارداتیں کر چکا ہے۔
دو روز قبل لاہور پولیس نے بھی ایک گروہ کو پکڑا تھا جو شہریوں کو اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے بعد لوٹ لیتا تھا۔
یہ گروہ نواب ٹاؤن لاہور سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے موبائل فونز، اسلحہ اور چھینی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔ دو رکنی گروہ نواب ٹاؤن اور صدر کے علاقوں میں وارداتیں کرتا تھا۔ اس واردات کی بھی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں۔ گرفتار افراد پہلے سے ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں۔ اپنی مالی معلومات، پن کوڈ، پاس ورڈز، یوزر آئی ڈی اور او ٹی پی کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ کسی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں اور اپنی مالی حفاظت کے لیے صرف تصدیق شدہ ذرائع پر انحصار کریں۔
اے ٹی ایم ہیکر گروہ متحرک، بزرگ شہری کے اکائونٹ سے 4 لاکھ نکال لئے
یہ گروہ آئی ٹی کے ماہر افراد پر مشتمل ہے، جو اے ٹی ایم مشینوں کو ہیک کر کے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے:شعیب میمن