کویت سٹی: کویت کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ اور دفاع شیخ طلال الخالد کو عوامی فنڈز میں خرد برد کے الزام میں 7 سال قید کی سزا سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے انہیں حکم دیا ہے کہ وہ 9 لاکھ 50 ہزار دینار کی رقم واپس کریں۔ مزید برآں، ایک علیحدہ مقدمے میں بھی انہیں 7 سال قید کی سزا دی گئی ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر ان کی قید کی مدت 14 سال ہو گئی ہے۔
شیخ طلال الخالد ماضی میں تحقیقاتی کمیٹیوں اور عدالتی کارروائیوں میں شامل ہوتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے اپنے خلاف لگائے گئے دونوں مقدمات کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔
سابق وزیر نے غبن اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انکار کیا تھا، لیکن عدالت نے شواہد کی روشنی میں انہیں مجرم قراردے دیا۔