یہ اضافہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 2 روپے 63 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، اور یہ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے مؤثر ہوں گی۔
نئے نرخوں کے مطابق، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 256 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 260 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
چند روز قبل، اک نجی اخبار نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث ہائی اسپیڈ ڈیزل، پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتیں 6 روپے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
نئے سال کے شروع میں بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، جب پیٹرول 56 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 252 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق، فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 2 روپے 96 پیسے بڑھا کر 258 روپے 34 پیسے مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم جنوری سے 15 جنوری تک ہوگا۔
پیٹرول بنیادی طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اور یہ متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر براہ راست اثر ڈالتا ہے۔
حکومت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر تقریباً 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کرتی ہے، چاہے ان کی مقامی پیداوار یا درآمدات کی صورت حال جیسی بھی ہو۔ اس کے علاوہ، آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلروں کی طرف سے ان دونوں مصنوعات پر تقریباً 17 روپے فی لیٹر کی ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن بھی لیا جاتا ہے۔