اگر آپ بھی کسی کام کے بغیر پیسہ کمانے یا سفر کو اپنی کمائی کا ذریعہ بنانے کا خواب دیکھتے ہیں، تو اسکاٹ لینڈ میں ایک شاندار ملازمت کی پیشکش آپ کے لیے ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے ایک دور دراز جزیرے میں "مینجر” کی پوسٹ کے لیے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں، جس کے عوض رہائش کے ساتھ ساتھ سالانہ 31 ہزار ڈالرز (جو تقریباً 86 لاکھ پاکستانی روپے بنتے ہیں) کی تنخواہ دی جائے گی۔
یہ ملازمت اسکاٹش وائلڈ لائف ٹرسٹ کی جانب سے آئی لینڈ آف Handa کے لیے پیش کی جارہی ہے۔ Handa جزیرہ سمندری پرندوں کی افزائش کے حوالے سے یورپ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، اور اس جزیرے کے چٹانی مناظرات بے حد خوبصورت اور دلکش ہیں۔ اس جزیرے تک رسائی کشتی کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔
اسکاٹش وائلڈ لائف ٹرسٹ کے مطابق اس عہدے کے امیدوار کو اس کے معاہدے کی مدت تک جزیرے پر رہنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ ملازمت ان جوڑوں کے لیے بھی کھلی ہے جو اس کام کو مل کر کرنا چاہتے ہوں اور ساتھ ساتھ اپنی زندگی کا وقت بھی گزارنا چاہتے ہوں۔
اس ملازمت میں کام کرنے والے کو ہر ہفتے اسکوری گاؤں جانا پڑے گا تاکہ وہ اپنے کپڑے دھو سکے، بینکنگ کا کام کر سکے، اور ضروری خریداری کر سکے۔
ملازمت کے اشتہار کے مطابق، Handa آئی لینڈ رینچر (مینجر) کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ جزیرے کی دیکھ بھال کو مؤثر طریقے سے انجام دے۔ کامیاب امیدوار کو ورک پروگرامز ترتیب دینا ہوں گے اور رضاکاروں کی ٹیم کو منظم کرنا ہوگا، جبکہ وہ جزیرے کی جنگلی حیات اور سالانہ 8 ہزار سیاحوں کی نگرانی بھی کرے گا۔
چونکہ جزیرے پر کوئی مستقل طور پر نہیں رہتا، یہ عہدہ شہر کی مصروف زندگی سے دور رہنے والے فرد کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔
اس عہدے کے لیے کسی خاص تعلیمی قابلیت کی ضرورت نہیں، لیکن قدرتی ماحول اور بحری زندگی کی معلومات حاصل کرنا اس ملازمت کے حصول کے امکانات کو بڑھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، امیدوار کو ڈرائیونگ لائسنس کی ضرورت ہوگی اور کسی گاڑی تک رسائی ہونا بھی ضروری ہے۔
ملازمت کا آغاز 6 ماہ کے معاہدے کے ساتھ ہوگا اور اس کے عوض 31 ہزار ڈالرز (چھ ماہ کے لیے) کی تنخواہ دی جائے گی۔